اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ کوہسار کے علاقے جناح سپر مارکیٹ میں موٹر سائیکل سوار حادثے میں جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا بھتیجا زخمی ہوگیا۔ پولیس نے ٹیلیفون کال پر موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ پر کھڑی اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی خاتون افسر کو گرفتار کرلیا جسے فوی تھانے منتقل کردیا گیا۔ ایس ایچ او شبیر تنولی نے بتایا کہ جناح سپر کالج موڑ پر حادثہ پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار مراد علی جاں بحق ہوگیا تھا اور اس کا بھتیجا عبدالغنی زخمی حالت میں پڑا تھا۔ موقع پر یونیسکو کی خاتون افسر کی گاڑی کھڑی تھی۔ غیرملکی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے طاہر علی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔ مدعی نے بتایا کہ میرا ماموں مراد علی اپنے بھتیجے کے ساتھ موٹر سائیکل نمبرARQ - 218 پرکالج روڈ پر دوسری طرف سے آنے والی پاسو کار نمبرUW - 118 نے ٹکر مار دی جس سے مراد علی کی وفات ہوگئی اور عبدالغنی مضروب ہوگیا جو پمس میں زیر علاج ہے۔ تاہم ایس ایچ او شبیر تنولی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی افسر یو یونگ نے دوران گرفتاری بتایا کہ میں سفارتی استثنیٰ رکھتی ہوں جس پر پولیس نے وزارت خارجہ سے رجوع کیا۔ وزارت خارجہ نے خاتون کے سفارتی استثنیٰ سے تھانہ کوہسار کو آگاہ کیا جس پر پولیس نے خاتون کو سفارتی استثنیٰ کی بنیاد پر رہا کردیا۔ تاہم یونیسکو کی خاتون افسر نے پولیس کو بیان دیا کہ اس نے سڑک پر موٹر سائیکل سے گرے افراد دیکھے تو انسانی ہمدردی کے تحت گاڑی روک لی۔ جائے وقوعہ پر میری گاڑی دیکھ کر کسی نے سمجھا کہ حادثہ میری گاڑی سے ہوا ہے۔
اسلام آباد میں یونیسکو کی خاتون افسر کے زیراستعمال گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، دوسرا زخمی
Sep 14, 2020