اسلام آباد،اوورٹیکنگ پر رکن پنجاب اسمبلی کے شوہر اور ایڈیشنل سیشن جج کی تلخ کلامی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ریڈ زون میں فارن آفس کے سامنے گاڑی کی اوورٹیکنگ پر تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی کے شوہر اور ایڈیشنل سیشن جج کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس پر دونوں اپنی گاڑیاں پٹرول پمپ پر لے گئے اورتلخ کلامی پر گتھم گتھا ہوگئے ایم پی اے کے شوہر کے ساتھ دو مزید افراد تھے جبکہ فاضل جج اکیلے تھے جنہوں نے پستول سے فائر کئے جھگڑے کی اطلاع پر تھانہ سیکرٹریٹ  پولیس وہاں پہنچ گئی پولیس نے دونوں جانب سے ٹریفک بھی روک دی اور فریقین کو تھانے منتقل کردیا تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام تحریک انصاف کی ایم پی اے عابدہ راجہ کو شوہر چوہدری خرم پرویز اورایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیرکے درمیان گاڑیوں کی اوور ٹیکنگ پرتلخ جملوں کا تبادلہ ہوا دونوں اپنی گاڑیوں کو پٹرول پمپ پر لے گئے پولیس کے مطابق گاڑی نمبرKA - 004 جسے پنجاب اسمبلی کی خاتون رکن عابدہ راجہ کے شوہر چوہدری خرم پرویز چلارہے تھے دوسری گاڑی نمبر AOB - 992 میں ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر سوار تھے پٹرول پمپ پر چوہدری خرم اپنے دیگر دو ساتھیوں سمیت ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر سے گتھم گتھا ہوگئے اس دوران ملک جہانگیر نے اپنے پستول سے فائر کئے پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور دونوں گاڑیوں میں سوار افراد کو تھانے لے گئی جہاں سینئر پولیس افسران بھی پہنچ گئے ایڈیشنل سیشن جج اکیلے ہونے کی وجہ سے زخمی ہوئے جنہیں پولیس طبی امداد کیلئے پولی کلینک ہسپتال لے گئی رات گئے تک پولیس اس واقعہ کی تفتیش میں مصروف تھی۔

ای پیپر دی نیشن