اسلام آباد(سٹاف رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی)سیکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دہشتگردوں کے سرغنہ احسان اللہ عرف احسان سنڑے کو شمالی و جنوبی وزیرستان کے درمیانی علاقہ میں تین ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ٹویٹر پر پیغام میں بتایا ہے کہ دہشتگرد کمانڈر احسان اللہ سنڑے خفیہ معلومات پر کئے گئے آپریشن کے دوران مارا گیا۔ احسان سنڑے کے خلاف آپریشن گھڑیوم کے علاقے شکتو میں کیا گیا۔ احسان سنڑے شکتو کے علاقے میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد کا ذمہ دار تھا۔ ان ہی کارروائیوں میں لیفٹیننٹ ناصر اور کیپٹن صبیح سمیت متعدد فوجی شہید ہوئے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ پاکستانیوں، لیفٹیننٹ ناصر اور کیپٹن صبیح سمیت فوج کے کئی شہدا کے اہل خانہ کے لئے آج یوم قرار ہے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں ہیں، شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرنے والے دستے مبارک باد کے مستحق ہیں۔