لاہور( خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے رومن کیتھولک چرچ کے بشپ آف پاکستان سباسٹین فرانسس شاء اور مسٹر جانسن برنارڈ ایڈیشنل رجسٹرار و ڈائریکٹر اوورسیز سیل لاہور ہائیکورٹ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے حوالے سے ہماری اقلیتی برادری بڑا اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس کا ثبوت بھارت سے واپس آنے والے ہندو خاندان کی واپسی ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کو اپنی مذہبی رسومات آزادی کے ساتھ منانے کی اجازت ہے، مسلمان اور اقلیتی برادری ایک دوسرے کے مذہب کا احترام کرتے ہیں۔ بشپ آف پاکستان سباسٹین فرانسس شاء نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ اقلیتوں کیلئے آپ نے بہت مراعات کا اعلان کیا جن میں تعلیمی اداروں کی واپسی، کرسچن کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دئیے ، چرچوں کی بحالی و مرمت کیلئے فنڈز کی فراہمی اور پنجاب اسمبلی میں پہلی بار اقلیتوں کی نمائندگی کیلئے وزارت کا قیام نمایاں اقدام ہیں جنہیں بیرون ممالک میں آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، آپ کے اس عمل کی وجہ سے پادری اور فادرز اپنے خطابات میں آپ کیلئے دعا اور تعریفی کلمات ادا کرتے ہیں۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی و صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں بلدیاتی انتخابات، پارٹی الیکشن، تنظیم سازی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر کامل علی آغا اور چودھری سلیم بریار نے انٹراپارٹی الیکشن اور تنظیم سازی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری جماعت بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں نچلی سطح پر پارٹی کارکنوں کو متحرک اور گھر گھر جا کر ہمارے دور میں کی گئی عوامی خدمات کو اجاگر کیا جائے۔