اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے نیب کی تحویل میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو دی جانے والی خوراک کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ابھی تو یہ تحقیق ہونا باقی ہے کہ گھر کا کھانا بند کر کے نواز شریف کو نیب میں کیاخوراک دی جاتی رہی کہ یکا یک ان کی بیماری میں شدت آگئی، ان کے پلیٹ لٹس خطرناک حد تک گر گئے اور انہیں ہارٹ اٹیک ہوا۔ سوال تو یہ بھی ہے کہ کال کوٹھڑی میں بند تنہا قیدی کرونا وائرس کی زد میں کیسے آگیا ؟ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور اپنے چچا زاد بھائی حمزہ شہباز کو حراست میں رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین حکومتی جبر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی تشخیص کے باوجود حمزہ شہباز کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔