نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کی وباءکی دوسری لہر کی لپیٹ میں آنے والے شہر آکلینڈ کے علاوہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کی پابندیاں 21 ستمبر سے ختم کر دی جائیں گی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن نے پیر کو انتخابی مہم کے سلسلے میں جنوبی جزیرہ کے شہر ڈونیڈن میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ آکلینڈ میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے عائد کردہ پابندیوں کا جائزہ آئندہ پیر کو لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی فضائی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پروازوں میں سماجی فاصلے کی تمام پابندیوں میں فوری نرمی کرے گی جس سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ تاہم تمام پبلک ٹرانسپورٹ میں ابھی بھی ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آکلینڈ پابندیوں کے ہٹائے جانے کے حوالے سے پارلیمنٹ کا اجلاس 21 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں اس وقت کی صورتحال کے مطابق اجتماعات میں شرکا کی تعداد کا تعین کیا جائے گا اور اگر پابندیوں میں کوئی بھی تبدیلی کی گئی تو اس کا اطلاق 23 ستمبر سے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں پیر کو کورونا وائرس کا ایک نیا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد 1,447ہو گئی اور مجموعی طور پر اب تک 24 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے علاوہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کی پابندیاں 21 ستمبر سے اٹھائی جائیں گی
Sep 14, 2020 | 13:22