اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پارلیمنٹ کے سامنے میڈیا کے دھرنے میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو پاکستان میڈیا ڈنڈا اتھارٹی کہتا ہوں جو میڈیا کا گلا گھونٹنے کے لئے ہے۔ پاکستان میں آمرانہ ذہنیت سب سے پہلے میڈیاکا گلا گھونٹتی ہے۔ ہم آپ کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ اور بھی بہت سے قانون آرہے ہیں جو آئین سے متصادم ہیں۔ ہم اس حوالے سے بھی خاموش نہیں رہیں گے۔ ہم ایک ساتھ آگے کی طرف بڑھیں گے۔ مولانا فصل الرحمان نے کہا کہ اس وقت بھی ہمارے عزائم میں اسلام آباد کی طرف بھرپور مارچ زیر تجویز ہے۔ پی ڈی ایم اس میں شریک ہو گی۔ تمام جماعتوں کو دعوت دیں گے۔ دیگر سیاسی جماعتیں دانش مندی کا ثبوت دیں گی وگرنہ پی ڈی ایم ملک گیر ہڑتال کا پلان پہلے ہی دے چکی ہے۔
آئین سے متصادم کئی قانون آ رہے‘ خاموش نہیں رہیں گے: فضل الرحمان
Sep 14, 2021