لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے کنٹونمنٹ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں کامیابی پر پوری جماعت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کارکنوں نے پارٹی کی خدمت کا پیغام گلی گلی پہنچایا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 5 اعشاریہ 8 کا گروتھ ریٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کی شکل میں اورنج ٹرین اور میٹرو بس کی فراہمی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ جیسی خدمات عوام کو فراہم کیں۔ نا اہل حکمران بتائیں کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کے وعدے کہاں گئے؟۔ قیامت خیز مہنگائی نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر ہماری کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور مسلم لیگ (ن) اسی جذبے سے 2023ء کے انتخابات لڑیں گے۔ پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان جنہوں نے الیکشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ان کا بھی تہہ دل سے مشکور ہوں۔