نورمقدم قتل کیس، مدعی مقدمہ کے وکیل کو وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے نورمقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت آدم جی کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری میں مدعی مقدمہ کے وکیل کو وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے فریقین کو جواب کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کردیے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران گرفتار ملزم ذاکر جعفر کی طرف سے خواجہ حارث ایڈووکیٹ جبکہ مدعی مقدمہ کی طرف سے شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے،شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہاکہ مدعی مقدمہ شوکت مقدم کی جانب سے پاور آف اٹارنی آج جمع کرادوں گا، تھراپی ورکس والوں کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست بھی ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے،عدالت مناسب سمجھے تومذکورہ درخواست کو بھی اس کیس کے ساتھ یکجا کرکے سماعت کرے،جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ضمانت منظور اور منسوخ کرنے کے اصول مختلف ہیں، ہم دونون درخواستوں کو الگ الگ ہی سنیں گے، خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے کہاکہ اگر شاہ خاور کا پاور آف اٹارنی داخل نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی ہونی ہے تو کل تک کیلئے ملتوی کردیں عدالت نے شاہ خاور ایڈووکیٹ کو وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی اور جواب کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت15 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔قبل ازیں نورمقدم کے والد شوکت مقدم ،دوستوں اور دیگر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کیا،مظاہرین نے نورمقدم کو انصاف فراہم کرنے اور قاتل کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن