غزہ(شِنہوا)اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ پٹی میں اسلامی مزاحمتی تحریک(حماس) کے مسلح ونگ کی متعدد فوجی چوکیوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیل پر راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے پیر کو مسلسل تیسرے روز فضا سے زمین تک مار کرنیوالے میزائلوں کی مدد سے شمالی ، وسطی اور جنوبی غزہ پٹی میں 5 مختلف فوجی چوکیوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ذرائع نے کہا کہ غزہ پٹی میں نامعلوم جنگجو جمعہ کی رات سے اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کر رہے ہیں۔ اسرائیل کی جانب 3 راکٹ داغے گئے۔ آخری واقعہ اتوار کی شب پیش آیا جس میں کم از کم 5 اسرائیلی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔گزشتہ 3 دنوں سے اسرائیل کی طرف تین راکٹ داغنے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ پٹی کی حکمران حماس راکٹ حملوں کی مکمل ذمہ دار ہے۔حماس کے زیرانتظام ٹی وی چینل القصی نے کہا کہ عینی شاہدین نے اسرائیلی فوج کے ڈرونز اور جنگی طیاروں کی آوازیں سنی اور پھر تحریک کی فوجی چوکیوں نشانہ بنانے پر پوری غزہ پٹی میں کئی دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔