راولپنڈی(جنرل رپورٹر) قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے مطابق عشرہ شہیدہ زنداں کے اختتامی روزمنگل کومعصومہ سکینہ بنت الحسین ؑ کایوم شہادت مذہبی جذبے اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایاجائیگا۔سوموار کو مختلف امامبارگاہوں ،عزاخانوں میں مجالس شہیدہِ زنداں سے خطاب کرتے ہوئے ذاکرین،واعظین اور خطیبات نے محمد و آل محمد علیہم السلام کو پرسہ پیش کیا ۔ہیئت طلبائے اسلامیہ کے زیراہتمام علی ہال میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی باسم عباس زاہر ی نے کہاکہ قائد ا عظم محمد علی جناح نے بصیرت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے جرات و دلیری کیساتھ دو قومی نظریہ کی اساس پر پاکستان کا وجود منوایا۔انہوں نے واضح کیاکہ نواسہ رسولؐ کا غم تمام مسلمانوں کی مشترکہ میراث ہے عزاداری کے انعقاد میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔انجمن غلامان ابوطالب ؑ کے زیراہتمام قصرابوطالب میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدمحسن علی ہمدانی نے کہاکہ ظلم و جبر کی سیاہ آندھیوں میں اسیرانِ کربلا کا عزم و حوصلہ آج بھی آزاد ی و حریت کیلئے نبردآزما قوتوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ ریئسۃ الحفاظ سیدہ زینب علویہ نے کہاکہ اسیرہِ شام حضرت سکینہ بنت الحسین ؑ نے مخدراتِ عصمت کے ہمراہ شام و کوفہ میں یزیدی ایوانوں کو ہلا کر رکھ دیا اور پیغام حسینیت کی اصل روح سے دنیا کو آشنا کرکے اسلام کو حیات جاوداں عطا کردی ،اگر عالم اسلام کو بھی رسول اکرم ؐکی شفاعت حاصل کرنی ہے تو اسے رسول ؐکی پیاری آل کے ساتھ اپنے دامن کو وابستہ کرنا ہوگا ۔
معصومہ سکینہ بنت الحسین ؑ کایوم شہادت آج منایاجائیگا
Sep 14, 2021