کراچی(کامرس رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ پاکستان میں 80فیصد لوگ گندہ پانی پینے سے ہسپتالوں تک پہنچ جاتے ہیں، ہیپاٹائٹس کا مرض گندا پانی پینے سے پھیل رہا ہے،پنجاب میں ڈیڑھ کروڑ افراد کو اس سال کے اختتام تک صاف پانی فراہم کریں گے جبکہ یہ موومنٹ بلوچستان میں بھی شروع کردی گئی ہے اور جلد ہی کراچی اور سندھ میں بھی شروع کردی جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ شب ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدرڈاکٹر اختیار بیگ کی جانب سے انکی رہائشگاہ پر معروف بزنس مین اورسماجی رہنماء ڈاکٹرگوہراعجاز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پریونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،صدر زبیرطفیل،گوہراعجاز،یاسین صادق اورمیزبان ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے بھی خطاب کیا جبکہ خالدتواب، کنورقطب الدین، سرداریاسین ملک،ایس ایم تنویر، حنیف گوہر،احمدچنائے،سلیم الزماں،ٹی وی فنکارہ حرامانی اور انکے شوہر مانی،امان قاسم،اشتیاق بیگ اوردیگرمہمان بھی شریک تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، انسانیت کی خدمت کرنے والوں کا نام دنیا اورآخرت میں زندہ رہتا ہے،جو لوگ کروڑوں کمائیں اورایک پیسہ بھی غریب کیلئے بھی خرچ نہ کرپائیں تو وہ بدترین کنجوس ہی نہیں بلکہ خداکی دی گئی نعمت سے دنیا اور آخرت کمانے سے محروم ہورہا ہے، موجودہ حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے،لاہور میں کوئی بھوکا نہ سوئے اسی بنیاد پربزنس کمیونٹی کے فرینڈز آف لاہور کے6درویشوں کی مدد سے غریبوں کو راشن مہیا کرنے اورلاکھوں افراد کو کھانا کھلانے پر کام ہورہا ہے سندھ میں بھی اسی منصوبے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ گورنر ہائوس پنجاب کے توسط سے 20لاکھ خاندانوں کو راشن ان کے گھر پہنچایا جارہا ہے،لوگوں نے دل کے دروازے کھول دیئے ،گوہراعجاز بہترین سماجی رہنما ہیں اور انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر35ہزار افراد کو کھانا مہیا کیا ہے اور جلد ہی ایک لاکھ افراد کو یہ سہولت پہنچائیں گے، ہمیں انسانیت کی خدمت کرنے والوں عزت دینی چاہیئے۔سرپرست اعلیٰ یو بی جی ایس ایم منیرنے کہا کہ گوہراعجاز لاہور کیلئے درویش ہیں اورصحت کے شعبے کیلئے وسیع کام کررہے ہیں،انڈس ہسپتال لاہور میں تھیلیسیمیا مریضوں کیلئے10مشینیں مہیا کررہے ہیں اور100کمرے بنوارہے ہیں۔زبیرطفیل نے کہا کہ فلاحی کاموں میں گوہراعجاز کا حصہ بہت وسیع ہے،وہ ماہ رمضان میں لاکھوں روزے داروں کیلئے افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جبکہ چوہدری محمدسرور بھی صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر قابل قدر کام کررہے ہیں۔اپٹما کے سابق چیئرمین ڈاکٹر گوہراعجاز نے کہا کہ دولت سے محبت نہ کی جائے، پیسہ پہلی نسل بناتی اور دوسری نسل سنبھالتی ہے جبکہ تیسری نسل کے پاس وہ پیسہ نہیں رہ پاتا لیکن اگر انسانیت کی خدمت کو جاری رکھا جائے تو یہ کام دنیا ختم ہونے تک نسل در نسل جاری رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایس ایم منیر،سردار یاسین ملک اور دیگر شخصیات فلاحی کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہیں،ایس ایم منیر نے تو اپنے آپ کو بزنس کمیونٹی کی خدمت کیلئے وقف کردیا ہے،میں خانہ کعبہ کے سامنے بیٹھ کر یہ عہد کیا کہ سود پر کوئی کام نہیں کرونگا اوراللہ کی راہ پر خرچ کرونگا آج تک اس بات پر قائم ہوں اور اللہ تعالیٰ نے مجھے بہت عزت اور ترقی دی ہے۔مرزااختیار بیگ نے کہا کہ گوہراعجاز کے ساتھ ملکر ہمارے گروپ نے میاں منشا سے اپٹما جیسے بڑی آرگنائزیشن کااقتدارحاصل کیا،گیس اور بجلی کے ٹیرف اور جی آئی ڈی سی کے مسئلے پر گوہراعجازنے بہت جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور جب برٹش پارلیمنٹ میں ممبرکی حیثیت سے قرآن مجید پر حلف اٹھایا جو تاریخ میں پہلی بار ہوا۔اختیار بیگ نے کہا کہ ایس ایم منیر نے بزنس کمیونٹی کی بے مثال خدمت کی اوراپنے دوگردے بزنس کمیونٹی کو دے کر انہیں طاقت دی۔