قومی خواتین ون ڈے کپ ،اسٹرائیکرز اور چیلنجرز کی فتوحات 

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)قومی خواتین ون ڈے کپ کے تیسرے روز اسٹرائیکرز اور چیلنجرزنے اپنے اپنے میچز جیت لئے، اسٹرائیکرز نے ڈائنامائٹس کو 65 رنز اورچیلنجرزنے بلاسٹر کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں 238 رنز کے تعاقب میں ڈائنامائٹس کی پوری ٹیم 43.2 اوورز میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔طوبہ حسن نے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔فاطمہ خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اوپنر منیبہ علی صدیقی 51 رنز بنا کر ٹاپ اسکور رہیں۔ اس سے قبل اسٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عائشہ ظفر اور کائنات امتیاز کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔عائشہ ظفر نے 65 اور کائنات امتیاز نے 57 رنز بنائے۔غلام فاطمہ اور ماہم طارق نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔اوول اکیڈمی گرائونڈ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں چیلنجرز نے بلاسٹر کو چھ وکٹوں شکست دے دی۔وحیدہ اختر کو  چار وکٹیں حاصل کرنے پر پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ چیلنجرز نے 60 رنز کا مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سدرہ امین 25 اور ارم جاوید 18 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔ بلاسٹر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم 31.2 اوورز میں صرف 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔چیلنجرز کی وحیدہ اختر نے چار جبکہ انوشہ ناصر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ای پیپر دی نیشن