گولارچی/ محراب پور/ ہالانی/پدعیڈن (نامہ نگاران) گولارچی میں ایک اور نوجوان نے بھوک اور بدحالی سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔ جبکہ گائوں غلام علی لاشاری میں لڑکی نے موت کو گلے لگالیا۔ ٹریفک حادثات میں ایک شخص ہلاک ،گروہی تصادم میں2 افراد مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تعلقہ گولارچی کے علاقے کڑیو گھنور میں ایک نوجوان غلام محمد خاصخیلی نامی نے رسی کا ایک سرا سیم نالے کے پل سے گزرنے والے پائپ سے باندھ کر اور رسی کے دوسرے سرے کا پھندا اپنے گلے میں ڈال کر لٹک گیا شہریوں نے سخت جدوجہد کے بعد لاش کو سیم نالے سے نکالا مبینہ طور پر مسلسل بے روزگاری، بھوک اور بدحالی نوجوان کی خودکشی کی وجہ بنی ۔محراب پور سے نامہ نگارکے مطابق گاؤں غلام علی لاشاری کے قریب رہائش پزیر اوڈ برادری کی جوان لڑکی سنیتا بنت مور اوڈ نے مبینہ گھریلو تکرار کے باعث پستول سے فائر کرکے مبینہ خودکشی کرلی ہے، نعش اسپتال منتقل کرکے پولیس مبینہ خودکشی کے اس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔ علاوہ ازیںٹریفک حادثہ کازخمی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا،مورو ، دادو روڈپرالمدینہ پیٹرول پمپ کے پاس ٹرک نمبرکی ٹکر سے زخمی موٹر سائیکل سوار صفر لاکھیرولد میرل لاکھیر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاسکا، مرحوم دالی کے قریب گائوں اللہ ڈنو برڑو کا رہائشی اور مویشی تاجر تھا ،گذشتہ روز مورو سے گائوں واپسی پر انکی موٹر سائیکل ٹرک کی زد میں آگئی تھی جس میں انکا ساتھی آصف لاکھیر ولد غلام مصطفی لاکھیرٹرک سے کچل کرموقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ہالانی سے نامہ نگار کے مطابق اراضی تکرار پر جانوری برادری میں گروہی تصادم میں ایک شخص جاں بحق، پھل کے نواحی گاؤں خیر محمد جانوری میں اللہ ودایو جانوری اور نگر جانوری گروپوں کے درمیان 2 ایکٹر زمین کی تکرار پر مسلح تصادم ہوگیا جس میں گولی لگنے سے شہزاد جانوری جاں بحق ہوگیا، دونوں فریقین کے درمیان زرعی اراضی کا فیصلہ رکھا ہوا تھا، پھل پولیس کے مطابق مقتول کے ورثاء کے مطابق غلام مرتضیٰ جانوری نے مویشی چراتے ہوئے شہزادجانوری کو فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ قتل کے واقعے کے بعد دونوں فریقین میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب سونہری فارم کے قریب قادر آباد کا رہائشی نیاز حسین کورائی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق نعش ضروری کارروائی بعد ورثاء حوالے کرکے پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ مقتول کے ورثاء کے مطابق لعل بخش اور اس کے ساتھی قتل میں ملوث ہیں اعلیٰ پولیس حکام ملزمان کو گرفتار کرے۔