چپس نہ دینے پر سفاک شخص نے محنت کش کو جھلسادیا

Sep 14, 2021

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) لاڑکانہ شہر کے مارکیٹ تھانہ کی حدود امپائر روڈ نوحانی گلی میں چپس نہ دینے کے معاملے پر ملزم کامران شیخ نے چپس بیچنے والے محنت کش نوجوان فہیم قریشی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان کی سر میں گرم تیل ڈال دیا جس کے باعث محنت کش نوجوان جھلس کر شدید زخمی ہوگیا اطلاع پر حد ودکے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر ملزم کامران شیخ کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا ۔بعد ازاں جھلس کر زخمی ہونے والے محنت کش نوجوان کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، اس موقع پر جھلس کر زخمی ہونے والے محنت کش کے بھائی فیصل قریشی نے بتایا کہ بااثر تاجر کامران شیخ نے بھائی سے 20 روپے کے چپس مانگے جس پر بھائی نے انہیں بتایا کہ چپس تو نہیں جس پر کامران شیخ نے تعیش میں آکر بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان کے سر میں گرم تیل ڈال کر زخمی کردیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو کیفرکردار تک پہنچاکر انصاف فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ شہر کے جیلس بازار میں ٹریفک اہلکار نے چنگچی لوڈر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اہلکار نے ڈرائیور کو گلے سے پکڑ کے نیچے گرا دیا، دوران تشدد ڈنڈا ہاتھ میں اٹھائے اہلکار ڈرائیور کو گالیاں بھی دیتا رہا ۔ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک اہلکار عاشق حسین شیخ کو اپنے دفتر طلب کرلیا ہے۔

مزیدخبریں