برطانیہ کا پاکستان کو کورونا کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ

لندن: برطانوی حکومت نے رواں ہفتے پاکستان سمیت 24 ممالک کو کورونا کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا جس سے برطانیہ جانے کے خواہش مند افراد کی مشکلات کم ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ اِسی ہفتے پاکستان سمیت 24 دیگر ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکال دے گا۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ہفتے ترکی اور مصر سمیت دیگر ممالک گرین لسٹ میں آجائیں گے۔
برطانیہ جانے والے پاکستان سمیت دیگر 24 ممالک کے شہریوں کو سفر سے قبل کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جبکہ تاحال برطانیہ میں کورونا کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

اب تک برطانیہ میں کورونا سے 72 لاکھ 56 ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 1لاکھ 34 ہزار 261 برطانوی شہری انتقال کرگئے۔ 58 لاکھ 17 ہزار 795 شہری کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں کورونا کے 30 ہزار 825 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس کا شکار 61 مزید شہری انتقال کر گئے، تاہم برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق پی سی ٹریول ایجنسی کے سی ای او پال چارلس کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں کورونا کی کوئی نئی قسم سامنے نہیں آئی۔ ڈیلٹا قسم پر برطانیہ کافی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔پال چارلس نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں بہت سے ممالک کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں۔ سفری شعبے کی بحالی کیلئے فہرست کا حجم تیزی سے کم کیے جانے کا امکان ہے۔ 
یاد رہے کہ اِس سے قبل برطانیہ کے خارجہ امور کے وزیر ڈومینک راب نے اعلان کیا کہ برطانیہ پاکستان سمیت افغانستان کے پڑوسیوں کے لئے انسانی زندگیوں کے تحفظ کی مد میں تین کروڑ پاؤنڈ امداد جاری کرے گا۔
اسلام آباد میں جمعہ کے روز وفد کی سطح پر بات چیت کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امداد کا مقصد افغان مہاجرین کو پناہ، گھریلو اشیائے ضروریات اور صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن