خیبرپختونخوا: سی پیک کے تحت پہلے پراجیکٹ رشکئی اکنامک زون میں 95 فیصد کام مکمل

Sep 14, 2021 | 11:43

ویب ڈیسک

پشاور:   سی پیک کے تحت خیبرپختونخوا میں پہلے باضابطہ پراجیکٹ رشکئی اکنامک زون میں 95 فیصد کام مکمل ہوگیا۔ منصوبے سے 2 لاکھ سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ایک ہزار ایکڑ رقبے پر محیط رشکئی اکنامک زون خیبر پختونخوا حکومت، خیبر اکنامک زونز ڈیویلپمنٹس اینڈ مینیجمنٹ کمپنی اور چینی کمپنیوں کے مشترکہ تعاون سے بنایا جا رہا ہے۔ منصوبے پر تقریباً 95 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔

رشکئی اکنامک زونز پر کام پر آغاز سال 2017 میں ہوا، منصوبے کو تین مختلف مراحل میں مکمل کیا جائیگا، تکمیل سے 2 لاکھ 50 ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکام کے مطابق صنعی زون میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی سامنے آئی ہے اور اب تک 23 چائینز اور 10 ملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی منظوری دی جاچکی ہے۔زون سے جہاں درآمد و برآمدات میں اضافہ ہوگا وہیں ملک میں نئی ٹیکنالوجی کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ اکنامک زون میں ادویات، ٹیکسٹائل، فوڈ اینڈ بیوریجز، سیمنٹ، اسٹیل اور دیگر انجینئیرنگ سے منسلک کارخانے بنائے جائیں گے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ اکنامک زون اچھا اقدام ہے تاہم چھوٹی انڈسٹری کے فروغ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔

صنعی زون میں اب تک ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے لئے ایک ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ چائینیز اسٹیل مل پر 80 فیصد تک کام مکمل ہوچکا ہے۔
 

مزیدخبریں