شہرِ قائد میں مبینہ ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے پولیس کے چھاپوں سے تنگ آ کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے خود کو گولی مار کر اپنی جان لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے منصور نگر میں خودکشی کی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کو گرفتاری کا خوف تھا۔
فائرنگ کا واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے منصور نگر میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے آلۂ قتل اور خودکشی سے قبل تحریر کیا گیا خط بھی برآمد ہوا۔پولیس کو ملنے والے خط میں مبینہ ٹارگٹ کلر شاہین ہاری نے تحریر کیا کہ میں پولیس کے چھاپوں سے پریشان اور تنگ آ کر خود کو گولی مار رہا ہوں۔اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ شاہین بہاری نے اپنے ساتھی آصف بھیا کے ساتھ مل کر پولیس افسر کی ٹارگٹ کلنگ کی۔
معروف خاتون پولیس افسر سہائی عزیز کے بیان کے مطابق ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو گزشتہ دنوں پولیس اور رینجرز نے حراست میں لے لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں شاہین بہاری بھی نظر آیا۔
گزشتہ ماہ 28 اگست کے روز شاہین بہاری اور آصف بھیا نے اورنگی کے علاقے میں ایک ہوٹل میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اکرم خان شہید ہوئے۔ٹارگٹ کلر شاہین بہاری کے خط کے مطابق اس نے جس پستول سے اکرم خان کی ٹارگٹ کلنگ کی، اسے پھینک دیا جبکہ خودکشی کیلئے ایک اور پستول کا استعمال کیا۔