انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو رینجر، فوج بھی سکیورٹی فراہم کریگی، بشارت راجہ 

Sep 14, 2022


لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کا اجلاس پنجاب سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ وزیر داخلہ کرنل (ر) سردار ہاشم ڈوگر، وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کیپٹن (ر) اسد اللہ، کمشنر لاہور عامر جان نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ لاہور اور چہلم حضرت امام حسینؓکے سکیورٹی انتظامات پر غور کیا۔ حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے عرس کے انتظامات پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ 17 ستمبر کو چہلم حضرت امام حسینؓکے موقع پر ضلعی امن کمیٹیوں کو متحرک کریں ۔صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کے دورہ کے موقع پر لاہور میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کےلئے ٹریفک پلان کو مدنظر رکھا جائے۔ پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج بھی انگلش ٹیم کی سکیورٹی میں شامل ہوگی۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور قانون سازی کے اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی اور وزیر قانون خرم شہزاد ورک اور متعلقہ سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے چیئرمین بورڈ کی نامزدگی اور پراونشل موٹر وہیکلز رولز کے رول 42 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ 

مزیدخبریں