سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عوام آگے‘حکمراں پیچھے


حیدرآباد(بیورو رپورٹ)جماعت اسلامی زون وسطی کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے گل سینٹر ضلع کونسل کے سامنے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کیمپ لگایاگیا اور دکانداروں سے متاثرین کے لیے فنڈ جمع کیا۔ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے سیلاب متاثرین کے لیے جمع ہونے والے امدادی سامان کا جائزہ لیا اور کارکنان کی محنت اور جذبے کو سراہا۔اس موقع پر جماعت اسلامی زون وسطی کے ناظم اصغر علی خان یوسف زئی، محمد حنیف شیخ، صابر عرف ماما سمیت دیگر کارکنان نے شرکت کی۔ امدادی کیمپ میں کارکنان و شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پوری قوم جاگ رہی ہے لیکن حکومت سو رہی ہے، حکومت کے پاس سرکاری وسائل واختیارات ہیں، بیرونی امداد بھی آرہی ہے لیکن حکومت اور حکمران پارٹیاں سیاست میں لگی ہوئی ہیں اور متاثرین کے لیے عملًا کچھ نہیں کیا گیا۔ متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت ہے،بیماریاں پھیل رہی ہیں۔جماعت اسلامی و الخدمت کے ہزاروں رضا کار مستقل طور پر ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں، الخدمت کی جانب سے متاثرین میں پکا پکایا کھانا، ادویات، پینے کا صاف پانی، خیمے، راشن سمیت ضرورت اشیاءکا سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔حکومت وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کی امداد میں ناکام ہو چکی ہے، متاثرین کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، سیلاب کے زہریلے پانی کی وجہ سے متاثرین بڑی تعداد میں بیمار ہو رہے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ عبدالوحید قریشی نے مخیر حضرات سمیت عوام سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جماعت اسلامی و الخدمت فاﺅنڈیشن کو دل کھول کر عطیات دیں۔

ای پیپر دی نیشن