ملتان(نمائندہ نوائے وقت)رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ بجلی کے بڑھتے ہوئے بل‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ‘ روز مرہ کی ضروریات زندگی کی چیزوں میں اضافہ نے متوسط طبقے کو بے چین کردیا ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں کی قابلیت و اہلیت کی قلعی کھل گئی ہے۔ ملکی معیشت زوال پذیر ہوگئی ہے۔ ملک بحرانوں کا شکار ہوگیا ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔ اگر ملک بچانا ہے تو عمران خان کو لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157کی یونین کونسل جنگل کلراں مین ملک حمید اوبھایا کی رہائش گاہ پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسابق وفاقی وزیر حاجی سکندر حیات بوسن‘ سابق رکن صوبائی اسمبلی شوکت حیات بوسن، رانا ندیم، اعجاز جنجوعہ، اللہ ودیا اوبھایا، حافظ رفیق اوبھایا، خالد جاوید وڑائچ، منور قریشی، ملک ثاقب مہے، شیخ مظہر ودیگر عمائدین بھی موجود تھے۔ پی ڈی ایم کا شیرازا بکھرنے والا ہے۔ 9 اکتوبر کو بلے کی کامیابی ہو گی۔ ملک سکندر حیات بوسن نے کہا پاکستان کے عوام پی پی‘ ن لیگ سے تھک چکے تھے۔ دونوں جماعتوں نے باریو ں کی سیاست کی۔ اور کرپشن کرکے ملک کو کھوکھلا کیا۔عوام کی امیدوں کا محور عمران خان ہیں۔ ملتان کل بھی تحریک انصاف کاقلعہ تھا اور آج بھی تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔