ساہیوال‘ شیخوپورہ‘ بہاولپور‘ ڈی جی خان‘ لیاقت پور‘ تونسہ شریف‘ دریا خان‘ بستی اﷲ بخش (نمائندگان) ٹیوٹا اور میونسپل کمیٹی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق احتجاجی مظاہرے کئے۔ ٹیوٹا ساہیوال ڈویژن کے ملازمین نے ٹیوٹا سٹاف یونین ساہیوال کے صدر کاشف بھٹی کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ کاشف بھٹی اور رائے عباس نے کہا کہ ٹیوٹا ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتے ہوئے انہیں کسی قسم کا اضافی الائونس نہیں دیا جا رہا۔ تمام اضافی الائونس دیئے جائیں بصور ت دیگر وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کے سامنے دھرنا دیںگے۔ نامہ نگارہارون آباد کے مطابق ایڈہاک الائونس (ڈسپیریٹی) کی ادائیگی نہ ہونے پر میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ پنجاب دوسرے محکمہ جات کی طرح 15فیصد ایڈہاک الائونس (ڈسپیریٹی)کا نوٹیفکیشن فوری طور پر کیا جائے ورنہ 15ستمبر سے مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ منچن آباد سے نامہ نگار کے مطابق میونسپل کمیٹی منچن آباد کے اہلکاروں نے اپنی تنخواہوں میں ڈسپیریٹی الاؤنس کے اضافہ کے سلسلہ میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ملازمین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے 15فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس کے کینسل نوٹیفکیشن کو فوری بحال کرکے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں بلدیہ ملازمین کا 15 فیصد الاؤنس بڑھایا گیا لیکن پنجاب کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا جو سراسر زیادتی ہے۔ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، تونسہ شریف، لیاقت پور، دریا خان سے نمائندگان کے مطابق میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے مطالبات کے حق میں ریلیاں نکالیں۔ صدر ایپکا ولیبر میونسپل کمیٹی قاضی محمد نعیم جنرل چیئرمین ایپکا ماما شفیق میانہ سیکرٹری ساجد حنیف گاڈی دیگر نے مطالبات پورے کرنے کا مطالبہ کیا۔ میونسپل کمیٹی سے اسسٹنٹ کمشنر آفس اور پریس کلب لیاقت پور تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ میونسپل کمیٹی کے عملہ صفائی نے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ لیاقت پور میں ڈسپیریٹی الائونس نہ ملنے پرTEVTA پنجاب کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی محسن آباد، ترنڈہ محمد پناہ میں ہڑتال جاری ہے۔ بستی اللہ بخش میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی مظفرگڑھ کے اساتذہ اور سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں ڈی سی آفس سے فیاض پارک چوک تک پرامن احتجاجی ریلی نکالی۔شیخوپورہ سے نمائندگان کے مطابق ٹیوٹا سٹاف یونین نے اپنے مطالبات کے حق میں 23 روز کی علامتی ہڑتال کے بعد گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس سے ریلی نکالی جو جناح پارک سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے باہر پہنچ کر احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی کی قیادت شیخوپورہ/ ننکانہ صاحب کے صدر عبدالمنان ڈوگر، صدر پائی یونین پروفیسر وقار بشیر، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے چیئرمین عبدالرحمن عاصی، آزاد اتحاد یونین کے چیئرمین حاجی قاسم حنیف، ٹیوٹا سٹاف یونین کے سینئر نائب صدر سعید الحسن بخاری ، جنرل سیکرٹری محمد سعید بھٹی نے کی۔
ٹیوٹا میونسپل ملازمین کے مختلف شہروں میں مظاہرے الائونسز نہ ملنے پر دھرنے ہڑتال کی دھمکی
Sep 14, 2022