بھاری بجلی بلوں کے خلاف کئی شہروں میں احتجاج جاری‘ مظاہرے‘ بل نذر آتش

Sep 14, 2022


لالہ موسی‘ سمبڑیال‘ ملکوال (نمائندگان نوائے وقت + نامہ نگار) بجلی کے بلوں میں ٹیکس کے خلاف کئی شہروں میں احتجاج جاری ہے۔ شہریوں نے بلوں کو نذر آتش کر کے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ لالہ موسیٰ میں بجلی کے بلوں کی لیٹ ترسیل قیمتوں میں اضافہ اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے خلاف صارفین نے جی ٹی روڈ بلاک کر دیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی راجہ زاہد نعیم ایس ایچ او سٹی عدیل ظفر گوندل ایس ایس او صدر عدنان شہزاد کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی جنہوں نے ایس ڈی او واپڈا احمد کے ساتھ معاملات طے کروانے میں کردار ادا کیا۔ مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ جی ٹی روڈ بلاک ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سمبڑیال میں بجلی کے اوور بلوں کے خلاف شہریوں نے روڈ بلاک کر کے دوسرے رو ز بھی شدید احتجاج کیا۔ حکومت اور واپڈا ملازمین کے خلاف شدید نعرے بازی‘ گیپکو آفس سمبڑیال کے باہر اور خیرات پورہ سٹاپ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر مین جی ٹی روڈ کو بلاک کر دیا، مظاہرین رشیدہ بی بی، حمیداں بی بی، عابدہ پروین، روبینہ کوثر، خالد محمود، راشد علی، احمد سلیم، عابد حسین، رضوان احمد، محمد اکبر سمیت سینکڑوں مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس مہنگائی کے دور میں جہاں ہم دو وقت کا کھانا کھانے سے بھی تنگ ہیں وہاں پر حکومت کی جانب سے بجلی کے بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں، ہم اپنے بیوی، بچوں کا پیٹ پالیں یا اتنے بھاری بل ادا کریں۔ بجلی آتی نہیں اور بل ہزاروں روپے آجاتا ہے۔ مظاہرین نے وزیراعظم، وزیر توانائی سمیت اعلیٰ حکام سے فوری بجلی کے بلوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملک وال میں بھی بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بجلی کے بلوں کو آگ لگا کر سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین نے بھلووال اڈا ہر رکن، چوٹ دھیراں روڈ کو بلاک کر دیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی‘ مظاہرین نے کہا کہ بجلی کے ہوشربا بلوں سے غریب آدمی روٹی سے محروم ہو کر خودکشی کرنے پر مجبور ہو گیا ہے سڑک بلاک ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ مظاہرین نے کہا کہ ظالمانہ ٹیکسز کے باعث بجلی کے بل ادا نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں