لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے آصف علی اور افتخار احمد کو چیف سلیکٹر محمد وسیم کا پسندیدہ کھلاڑی قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سلیکشن کمیٹی کو تبدیل کرنے کا صحیح وقت ہے خاص طور پر محمد وسیم کو عہدے سے ہٹانا چاہیے جبکہ آصف علی اور افتخار احمد ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔انہوں نے پاکستان کی حالیہ کارکردگی پر خدشات کا اظہار کیا اور دعویٰ کیا کہ ٹیم میں بہت زیادہ جانبداری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ آصف اور افتخار ہمارے چیف سلیکٹر کے پسندیدہ ہیں۔ انہیں تمام دوروںکیلئے ٹیم میں منتخب کیا جاتا ہے۔
حالانکہ انہوں نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی ہے۔ یہ دونوں بیٹرز کلب کے معیار کے ہیں اور انہیں ڈومیسٹک ریجنل ٹیموں کیلئے بھی منتخب نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے آنے والے مستحق نوجوان کرکٹرز محروم ہوجائیں گے۔ بین الاقوامی سطح پر انہیں پروموٹ کرنے کیلئے ان کی یہ کارکردگی کافی نہیں ہے۔