لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کپ میں شرکت کے بعد پاکستانی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔کپتان بابراعظم نجی ایئرلائن کے ذریعے دبئی سے لاہور پہنچے۔ بابراعظم کے ہمراہ نسیم شاہ، آصف علی،عثمان قادر، چیئرمین بورڈ رمیزراجہ اور بورڈ کادیگرعملہ بھی تھا۔اس موقع پر فینز نے کپتان بابراعظم اور دیگرکھلاڑیوں کےساتھ سیلفیاں بھی لیں۔قومی کپتان نے میڈیا سے بات چیت نہیں کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیے بغیر ہی چلے گئے۔انگلینڈ میں موجود قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلرشاہین شاہ آفریدی نے کہاہے کہ انشاءاللہ فٹنس حاصل کرنے کے بہت قریب ہوں۔ جلد واپس آ رہا ہوں۔ فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے دوران آپ سب کی جانب سے محبت اور حوصلہ افزائی کرنے کا بہت شکریہ ۔نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹ انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، اس ویڈیو میں نسیم شاہ گرانڈ کے اندر فیلڈنگ پر موجود نظر آ رہے ہیں۔نسیم شاہ کا ویڈیو کے کیپشن میں لکھنا کہ ایشیا کپ کے دوران آپ سب کی جانب سے محبت اور حوصلہ افزائی کرنے کا بہت شکریہ، انشااللہ آئندہ مزید مضبوط ہو کر آﺅں گا۔دورہ پاکستان کیلئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کل پاکستان پہنچے گی ۔ انگلش ٹیم 17سال بعد پاکستان کا دورہ کریگی ۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاک انگلینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے وکٹوں کے سکوائر کا کام مکمل کر لیا گیا۔پاکستان‘ انگلینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل سٹیڈیم میں چار پریکٹس وکٹیں بھی تیار کی گئی ہیں،چھ ماہ قبل مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد سے نیشنل سٹیڈیم میں کوئی میچ نہیں کھیلا گیا ہے،پاک انگلینڈ سیریز کے حوالے سے نیشنل سٹیڈیم کے انکلوژر کی صفائی کا کام بھی جاری ہے،انگلینڈ ٹیم 17 سال بعدکل 15ستمبر کو کراچی پہنچے گی، اسی دن قومی ٹیم بھی نیشنل سٹیڈیم کراچی میں رپورٹ کرے گی ۔دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔مہمان ٹیم کیلئے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔
ایشیا کپ کے بعدبابراعظم ‘ نسیم شاہ، آصف علی،عثمان قادر، چیئرمین بورڈ رمیزراجہ‘ بورڈ کادیگرعملہ لاہور پہنچا‘فینز کی کرکٹرز کےساتھ سیلفیاں
Sep 14, 2022