قصور (نمائندہ نوائے وقت) یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز پتوکی میں طلباء و طالبات کیلئے 18 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے دو ہاسٹلز کی تعمیر جاری ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی ہدایات پر ضلع کی تعمیر و ترقی کیلئے کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور زیر تکمیل ڈویلپمنٹ سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر پراجیکٹ ڈاکٹر حافظ مدثر نے بتایا ہے کہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز پتوکی میں طلباء و طالبات کی سہولت کیلئے کروڑوں کی لاگت سے دو ہاسٹلز تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ طلباء و طالبات کیلئے الگ الگ ہاسٹل مختص کیا جائیگا جن میں 100طلباء اور 100طالبات رہائش پذیر ہو سکیں گے۔ منصوبہ کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے پنجاب حکومت نے تمام فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔