پاک فوج، ایف سی کا ریلیف آپریشن، مزید لوگ  ریسکیو، سہولتوں کی فراہمی جاری 

Sep 14, 2022


راولپنڈی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ریلیف کیمپس میں پاک فوج اور ایف سی کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی، ایف سی اور سول انتظامیہ کی مشترکہ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سیلاب زدگان کو پناہ گاہیں، خوراک، طبی دیکھ بھال، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 11ریلیف کیمپس کام کر رہے ہیں جہاں متاثرین کو پکا ہوا کھانا اور راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بولان میں38 خاندانوں، ڈیرہ بگٹی میں110  افراد اور سبی میں داخل مریضوں کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے متاثرہ علاقوں میں 1865 متاثرین میں راشن کے پیکٹس فراہم کئے گئے ہیں جس میں آٹا، دالیں، چاول، چینی، کوکنگ آئل، پانی، دودھ اورجوس شامل ہیں۔ آرمی، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے83  فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں27964  مریضوں کو مفت طبی امداد اور ادویات فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب پاک فوج کے بروقت کارروائی نے متعدد افراد کی جان بچالی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ کے علاقے بوبک میں کشتی الٹ گئی، پاک فوج کے جوانوں نے بروقت ریسکیو آپریشن کیا،  لوگوں کو باحفاظت ان کے گاؤں منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ نے بحالی کے عمل اور امدادی کارروائیوں کو مزید وسیع کر دیا۔ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں 236 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

مزیدخبریں