ٹیکس نیٹ بڑھا کر ملک کوترقی،خوشحالی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے: کاظم رضا بھٹی


حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس محمد کاظم رضا بھٹی نے کہا ہے کہ ٹیکس کی ادائیگی قومی فریضہ ہے، تاجر برادری کا دیا ہو ا ٹیکس ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاجروں کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ ٹیکس نیٹ کو بڑھا کر ملک کی ترقی،خوشحالی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار وہ اپنے دفتر میںٹیکس ادائیگی سے متعلق آگاہی کے سلسلہ میں مرکزی انجمن تاجران اتحاد کے وفد سے ملاقات کے دوران کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران اتحاد کے صدر ملک ہمایوں شہزاد، جنرل سیکرٹری محمدندیم طور، سینئر نائب صدر ملک عابد علی اشتیاق، نائب صدر شیخ کاشف، وائس چیئرمین محمد ارشد بٹ، جائنٹ سیکرٹری قیصر مغل،آفس سپرٹینڈنٹ ملک محمد فیصل ، انسپکٹر ایف بی آر ثاقب نذیرتارڑودیگر موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس نے کہاکہ ایف بی آر تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے پر یقین رکھتا ہے اور اس سلسلہ میں تاجران کو اعتماد میں لیکرعملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹیکس دہندہ گان کو اپنا ٹیکس بروقت ادا کرنے میں ایف بی آر کا ساتھ دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک ہم ٹیکس کی ادائیگی میں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے ۔ مرکزی انجمن تاجران اتحاد کے صدر ملک ہمایوں شہزاد نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینے کیلئے تیار ہیں لیکن وصولی کے طریقہ کار پر اختلافات اور مسائل کے حل کیلئے حکومت تاجروں سے مشاورت کرکے لائحہ عمل بنا ئے۔

ای پیپر دی نیشن