اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پارلیمانی سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی ناز بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں خواتین دوگنا کام کرتی ہیں لیکن ان کی پذیرائی کم ہے۔ جبکہ پاکستان میں خواتین کی لیبر فورس 20.16 فیصد ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر، یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے ممبران، پارلیمانی سیکرٹری ناز بلوچ نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی ناز بلوچ نے بزنس کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگرنس ممبران سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان آئے، کرونا نے ہمیں پیچھے دھکیلا ہے، صحت اور معیشت کے شعبے میں نقصان ہوا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین سے ہمدردی اور نقصانات پر تعزیت کرنا چاہوں گا۔ امریکہ بھی سیلاب متاثرین کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے جبکہ کانگرنس کے ممبران نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے۔ کرونا میں بھی خواتین اور بچے متاثر ہوئے تھے، خواتین کو پاکستان میں بااختیار بنانے کے لئے سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس بزنس کونسل کے ذریعے پاکستان میں خواتین کے لیے 50 ہزار مختلف تربیتی پروگرام کا آغاز کریں گے جبکہ خواتین کے لیے 34 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ خواتین کی اقتصادی بااختیاری سے پاکستان اور امریکہ کے اقتصادی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ تقریب سے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی قائم مقام ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ نے کہا سب سے پہلے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس پاک امریکہ تعلقات کے 75 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ خواتین کو کاروبار کے حوالے سے اقدامات سے پاکستان کو مختلف فوائد حاصل ہوں گے۔ حالیہ سیلابوں کے بھی خواتین اور بچیوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے، بہت سی خواتین کو بیروزگاری، مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا ہے، ہمیں پاکستان فیوچر آف ویمن اینڈ ورک انیشیٹو کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔ پاکستانی خواتین ای کامرس کے ذریعہ بہت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہیں۔