لندن (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ کے تابوت کو لندن میں بکنگھم پیلس پہنچا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملکہ الزبتھ کے تابوت والی گاڑی جہاں جہاں سے گزری اس کے اطراف ٹریفک رک گئی۔ بارش کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد بکنگھم پیلس کے اطراف جمع تھی۔ تابوت بکنگھم پیلس پہنچنے پر شہریوں نے پھول نچھاور کر کے ملکہ سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ ملکہ کے تابوت کو بکنگھم پیلس میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ دن میں ملکہ کا تابوت جلوس کی صورت میں ویسٹ منسٹر ایبے ہال لے جایا جائے گا جہاں ملکہ کے تابوت کا دیدار آج شام 5 بجے سے کیا جا سکے گا۔ برطانوی حکام سوگواروں کو چوبیس گھنٹے ملکہ الزبتھ کے تابوت کو دیکھنے کی اجازت دینے کے لئے تیار ہیں۔ ملکہ کے آخری دیدار کا سلسلہ بدھ کی شام تک جاری رہے گا۔ ادھر برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے بطور بادشاہ نارتھ آئر لینڈ کا پہلا دورہ کیا۔ شاہ چارلس سوئم کوئن کنسورٹ کے ہمراہ نارتھ آئر لینڈ پہنچے۔ انہوں نے آئر لینڈ میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ شہر بیلفاسٹ کے ائر پورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔