اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف نے اپنے اراکین اسمبلی کے استعفے ایک ساتھ منظور کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست تیار کر لی۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے وکیل فیصل چوہدری کے ذریعے تیار کروائی جسے جلد ہی دائر کر دیا جائے گا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے عوام سے تازہ میڈیٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا جس کے لئے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفی دے چکے ہیں۔ سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر تحریک انصاف کے 125 ارکان استعفی منظوری کا اعلان کیا۔ تاہم موجودہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اراکین اسمبلی کااستعفی مر حلہ وار منظور کئے جا رہے ہیں اور سپیکر راجہ پرویز اشرف مرحلہ استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو غیرقانون غیر آئینی قرار دیا جائے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست حتمی ہونے کے بعد جلد سپریم کورٹ میں دائر کر دی جائے گی۔