محکمہ صحت میں ایڈ ہاک تقرریوں پر پابندی غتم ، گندم کی امداد قیمت 3ہزار روپے من مقرر


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی  پرویزالٰہی کی زیر صدارت مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس  ہوا۔ پارلیمانی پارٹی نے چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کی پوری پارلیمانی پارٹی چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔  پرویزالٰہی ہمارے لیڈر ہیں اور ہم پوری پارلیمانی، سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ چودھری پرویزالٰہی کے شانہ بشانہ ہیں۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے شرکاء نے اس امر کا اظہارکیا کہ چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں مسلم لیگ قائداعظم اور پی ٹی آئی کا مثالی اتحاد صوبے کے عوام کو ڈلیور کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس  میں کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم متحد ہے اور متحد رہے گی۔ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر کو مل کر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب  نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ صحت میں ایڈہاک تقرریوں پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔ ایڈہاک تقرریوں پر پابندی ختم کرنے کا اطلاق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پر ہوگا۔ ڈاکٹرز،نرسز اور دیگر سٹاف کو قواعد وضوابط کے تحت ایڈہاک ملازمتوں پر بھرتی کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے اقدام سے محکمہ صحت میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف کی کمی دور ہوگی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے ارسال کردہ سمری کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب کو نظرانداز کرکے دیگر صوبوں کو گندم کی فراہمی پر پنجاب حکومت نے وفاق کے دوہرے معیار پر سخت احتجاج کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کو گندم فراہم نہ کرنے پر وفاقی حکومت کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس امتیازی سلوک کے خلاف وفاق سے باضابطہ احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب حکومت اس ضمن میں وفاقی حکومت کو احتجاجی مراسلہ بھیجے گی۔  وفاقی حکومت گندم فراہم نہ کرنے کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے۔ پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے کئی لاکھ ٹن گندم ضائع ہوئی ہے اور وفاقی حکومت نے پنجاب کی درخواست کے باوجود گندم فراہم نہیں کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ  نے گندم کے کاشتکاروں کیلئے بڑا اعلان کرتے ہوئے گندم کی امدادی قیمت 3 ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ امدادی قیمت میں اضافے سے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا اور اگلے برس گندم کے زیرکاشت رقبے میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے گندم اور آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ صوبے کے  خارجی راستوں کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں گندم اور آٹے کے نرخ کم ہیں۔ محکمہ خوراک کے حکام متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کریں۔ گندم اور آٹے کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پرویز الٰہی نے سوات میں امن کمیٹی کے رکن ادریس خان کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ االلہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پولیس کی کاوشوں سے شریف پورہ لکھوڈیر میں زدیاتی کے بعد بچی ماریہ قتل کیس حل ہوا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سی سی پی او لاہور اور تفتیشی ٹیم نے دن رات محنت کی اور سائنٹفک انداز میں کیس کو حل کیا۔ معصوم بچی کے غمزدہ خاندان کو انصاف دلانے کا وعدہ کیا جسے پورا کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن