اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی گئی۔ کابینہ نے حجاج کو اضافی رقم واپس کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے حجاج کو اضافی رقم واپس کرنے کی منظوری دی اور حجاج کو فوری رقم واپس کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھی مسترد کردی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں حکومتی کوٹے پر حجاج کی اوور بکنگ کے معاملے کی انکوائری رپورٹ پر بحث کی گئی۔ کمیٹی میں وزارت خزانہ، وزارت مذہبی امور اور سٹیٹ بینک کے نمائندے بھی شامل تھے۔ کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ اوور بکنگ کے معاملے میں مفاہمت کے مسائل تھے، کسی قسم کی بدنیتی کے ثبوت نہیں ملے، بینکوں کی طرف سے حجاج کو معاوضے کی رقم ادا کردی گئی ہے۔ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ بینکوں سے یہ ضرور پوچھا جائے کہ انہوں نے اس معاملے میں لاپرواہی سے کام کیوں لیا؟۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سٹیٹ بینک کو ہدایت دی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں چھٹی والے دن بھی بینک کام کریں۔ علاوہ ازیں جن ممالک سے قانونی مدد کا معاہدہ نہیں ان کی مشترکہ قانونی مدد کی درخواستیں قبول کرنے کی سمری بھی منظور کرلی گئی، سمری وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی تھی۔ اعلامیے کے مطابق وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی 10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی قطعی حمایت نہیں کرتا۔ اس کے علاوہ الیکٹرک پنکھوں کیلئے کم ازکم انرجی پرفارمنس سٹینڈرڈز کی میعاد میں 30 جون 2023ء تک توسیع کردی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ 30 جون سے پہلے کم ازکم انرجی پرفارمنس سٹینڈرڈز بہتر کوالٹی پر لانے کی کوشش کی جائے۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 2 ستمبرکے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔ بائیو سٹڈی رولز 2017ء کے رول 13 میں ترمیم کی منظوری دی گئی، امیگریشن آرڈیننس 1979ء کے سیکشن 15 میں ترمیم کی منظوری دی گئی اور گیس تھیفٹ اینڈ ریکوری ایکٹ 2016ء میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق پاسکو کے مقامی اور درآمد شدہ گندم کے سٹاک کی تقسیم کی منظوری دی گئی، افغانستان میں 3 پاکستانی ہسپتالوں کیلئے رقم کی افغان حکومت کو منتقلی کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کیلئے 3 ارب روپے کے فنڈز مختص کردیے گئے، گندم کی قیمت کے تعین اور یوریا کی تقسیم پر صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کیلئے مفتاح اسماعیل، طارق بشیر چیمہ، فیصل سبزواری، قمر زمان کائرہ اور نوید قمر کو ٹاسک دے دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے 54 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ازبکستان سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ زرعی شعبے میں معاہدے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔ مہنگائی کی ستائی عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے دورہ ازبکستان سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ زرعی شعبے میں معاہدہ کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ کی منظوری لے لی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے پر وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے دوران دستخط کئے جائیں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم رکن ممالک کا اجلاس 15 اور 16 ستمبر کو ازبکستان میں ہوگا۔
وفاقی کا بینہ: ادویات مہنگی کرنے کی سمری مسترد ، حجاج کو اضافی رقم واپسی منظور
Sep 14, 2022