جاپانی سفیر مٹسو پیرو واڈاکے اعزاز میں استقبالیہ 

Sep 14, 2022

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان میں جاپان کے سفیر مسٹر مٹسوہیرو واڈا کراچی پہنچے،سی ای او یونائیٹڈ مرین ایجنسی سہیل شمس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ،سی ای او یونائیٹڈ مرین ایجنسی سہیل شمس، پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین کلیم فاروقی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین نے جاپان کے سفیر مسٹر مٹسوہیرو واڈا کا استقبال کیا، سہیل شمس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم جاپانی سفیر مٹسو ہیرو واڈا کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پاکستان جاپان کے درمیان تعلقات کو مزید استحکام دینے کےلیے ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے ،کلیم فاروقی نے اپنے خطاب میں سفیر جاپان کا شکریہ ادا کیا اور انھیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جاپان کے سفیر مسٹر مٹسو ہیرو واڈا نے پاکستان اور جاپان کے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ مسٹر واڈا نے سیلاب زدگان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ جاپان اس اندوہناک سانحہ پر بہت دکھی ہے اور اس ضمن میں جاپان حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے سات ملین امریکی ڈالر کی امداد بھی دی ہے ، مسٹر واڈا نے اس موقع حاضرین کو بتایا کہ حکومت جاپان اپنی امدادی سرگرمیوں کے ذریعے سیلاب متاثرین کے ساتھ تعاون اور امداد جاری رکھے گی، مسٹر واڈا نے کہا کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو مزید استوار کرنے کےلیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ سفیر واڈا نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں جاپان کے دیرینہ دوطرفہ تعاون اور مشترکہ اہداف اور مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں مکمل اطمینان ہے کہ یہ دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آئندہ ستر برسوں میں اس تعلق کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ 

مزیدخبریں