9اکتوبر کو تیر کے ٹکڑے ہوں گے، ہر طرف بلاگھومے گا، مہر بانو قریشی


ملتان( نمائندہ نوائے وقت ) این اے 157 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔11ستمبر کو تحریک انصاف کی کامیابی یقینی تھی۔ الیکشن سے راہ فرار اختیار کیا۔ 9اکتوبر کا دن تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر آئیگا۔ عوام نے تحریک انصاف کاساتھ نبھانے اور عمران خان کاہاتھ مضبو ط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 9اکتوبر کے دن تیر کے ٹکڑے ہوں گے اور ہر طرف بلاگھومے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این نے 157 کی یونین کونسل اکرم آبا د میں خواتین کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاحلقے میں خواتین کی بھر پور نمائندگی کررہی ہوں۔ یہ دیہی حلقہ ہے، یہاں کی خواتین میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے۔ اللہ نے مجھے موقع دیا ہے خواتین کی آواز کو بلند کرکے انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کروں گی۔کارنر میٹنگ میں خواتین نے بھر پور تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین نے محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔
مہر بانو قریشی

ای پیپر دی نیشن