واشنگٹن: امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ افغانستان کے مرکزی بینک کے اثاثوں میں سے ساڑھے تین ارب ڈالر سوئٹزرلینڈ میں قائم ایک ٹرسٹ فنڈ میں منتقل کرے گا تاکہ رقم کو طالبان سے محفوظ رکھا جائے گا اور صرف تباہ حال افغان معیشت کی بحالی کے لیے استعمال کیا جاسکے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ حکومتی اور سیاسی مداخلت نہ ہونے کی یقین دہانی تک افغان مرکزی بینک میں کوئی رقم نہیں جائے گی جب کہ افغان منجمد فنڈز سے 3 ارب 50 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم کو سوئٹزرلینڈ میں قائم ایک ٹرسٹ فنڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔نئے ٹرسٹ فنڈ کی تشکیل امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ، سوئٹزرلینڈ، دیگر فریقین اور طالبان کے درمیان کئی مہینوں کی بات چیت کے بعد ہوئی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان فنڈ کو تباہ حال معیشت کو زیادہ سے زیادہ استحکام فراہم کرنے میں مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔یہ ٹرسٹ فنڈ جنیوا میں قائم ہے اور اس کا باسل میں قائم بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس میں اکاؤنٹ ہے، جو مرکزی بینکوں کو مالی خدمات فراہم کرتا ہے اور اب یہ افغان عوام کے لیے فنڈ کے ساتھ کسٹمر تعلقات قائم کر رہا ہے۔
امریکا کا افغانستان کے 3.5 ارب ڈالر سوئس اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا اعلان
Sep 14, 2022 | 20:54