لاہور(کامرس رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل پنجاب انڈسٹریز، پرائسز، ویٹس اینڈ مئیرزعائشہ حمید نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کیونکہ ایئر کوالٹی انڈیکس تشویشناک ہے اور لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کا دوسرا بڑا شہر بن گیا ہے۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ،چیف انسپکٹر پنجاب بوائلر محمد نواز چیمہ اور ڈائریکٹر اظہر حسین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عائشہ حمید نے کہا کہ اب موسم تبدیل ہورہا ہے اور سموگ شروع ہونے والی ہے ، پہلے سے ہی تمام انتظامات مکمل اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد ضروری ہے تاکہ سخت اقدامات کی ضرورت نہ پڑے۔ تاجر برادری کو سہولیات دینا اور مدد کرنا چاہتے ہیں۔ بطور سپورٹ ادارہ ماحولیات کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انڈسٹری سے مضر صحت اخراج کم سے کم ہونا چاہیے تاکہ سموگ کا مسئلہ نہ ہو۔ گذشتہ سال بھی لاہور چیمبر نے اس سلسلے میں بہت تعاون کیا ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے بعد بالخصوص نومبرسے فروری تک لاہور اور اس کے گردونواح کے علاقے سموگ کی لپیٹ میں رہتے ہیں۔ سموگ اس وقت پیدا ہوتی ہے جب فیکٹریاں ٹھوس فضلہ جلاتی ہیں جس سے سلفر ڈائی آکسائیڈ اور نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وزیر برائے ماحولیات اوروزیر برائے انڈسٹریز نے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں آپ کے ڈیپارٹمنٹ کو یہ ٹاسک دیا ہے کہ تمام چیمبرز آف کامرس کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے کہ پنجاب میں اینٹی سموگ مہم کاآغاز کیا جا رہا ہے اورجو انڈسٹری بھی سموگ رولز کی خلاف ورزی کرے گی اس کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔کاشف انور نے انہیں یقین دلایا کہ لاہور چیمبر بزنس کمیونٹی کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہونے کی حیثیت سے سموگ یا کسی بھی ایسے مسئلے پر قابو پانے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اورسموگ رولز پر عمل درآمد کرانے میں بھرپورتعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے:عائشہ حمید
Sep 14, 2023