بیرون ملک جانے کیلئے ایمبیسی جانے والے شہریوں سے شٹل کرایہ کی زیادہ وصولی

Sep 14, 2023

اسلام آباد (وقار عباسی/ وقائع نگار) بیرون ملک محنت و مزدوری کے حصول کیلئے جانے والے شہریوں سے طے شدہ نرخوں سے زیادہ کرایا وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس میں نجی فرم نے شہریوں کیلئے چلائی جانے والی شٹل سروس کی مد میں پانچ ہزار روپے فی کس وصول کرنے شروع کردیئے ہیں جس کے باعث لوگوں نے دہائی دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہری فرحان نے گزشتہ روز ایوان وقت کو بتایا کہ اس نے ویزے کے حصول کے لیے ایمبیسی جانا تھا شٹل سروس کی انتظامیہ نے مجھے کہا کہ کوسٹر سروس دستیاب نہیں ہائی روف موجود ہے 5 ہزار ادا کریں۔ فرحان نے بتایا کہ میرے اصرار پر انہوں نے کہا کہ اگر جانا ہے تو پانچ ہزار روپے سے کم نہیں۔ ایک دوسرے شہری نے ایوان وقت کو بتایا کہ ان سے بھی کہا گیا ہے کہ پانچ ہزار روپے دیں باقی کٹیگریز دستیاب نہیں ہیں۔ اس قسم کی درجنوں شکایات روزانہ کی بنیاد پر موصول ہورہی ہیں کہ کنٹریکٹر طے شدہ معاہدے سے زیادہ لوگوں سے وصول کررہا ہے اور ایم سی آئی کا متعلقہ شعبہ ڈی ایم اے اس غیر قانونی کام میں ان کی معاونت کررہا ہے۔ اس ضمن میں نوائے وقت نے جب ڈائریکٹر ڈی ایم اے یاسر فرہاد سے استفسار کیا تو انہوں کہا کہ کنٹریکٹر طے شدہ نرخوں پر عمل درآمد کرنے کا پابند ہے۔ انہوں نے اس بات پر کوسٹر سروس کو دانستہ طور پر بند کرکے لوگوں سے پانچ ہزار روپے وصول کرنے کا سختی سے نوٹس لینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مزیدخبریں