نوشہرہ‘ کوئٹہ (آئی این پی ) نوشہرہ میں موٹروے پر رشکئی انٹر چینج کے قریب خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو گئے ۔ موٹروے پولیس کے مطابق نجی بس سروس فیصل موورز کے ڈرائیور کو نیند آجانے کی وجہ سے بس الٹ گئی، حادثے میں دو خواتین سمیت 13 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ اور ایم ایم سی مردان منتقل کر دیا گیا، بس ڈرائیور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، تباہ ہونے والی بس کو کھائی سے نکال کر موٹروے کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ کے علاقے بسیمہ کے قریب کار کا ٹائر پھٹنے سے کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میںبچیوں سمیت 4خواتین جاں بحق ہوگئیں ۔ لیویز ذرائع کے مطابق کار خضدار سے بسیمہ جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی ، حادثے میں ایک بچی سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ لیویز ذرائع کا بتانا ہے کہ زخمیوں اور لاشوں کو سول ہسپتال بسیمہ منتقل کردیاگیا ہے ۔
نوشہرہ: بس الٹنے سے 5 افراد، کوئٹہ، کار حادثہ میں 4 خواتین جاں بحق
Sep 14, 2023