راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نے الیکشن کی تاریخ کیلیے میرے یوم پیدائش کا انتخاب کیا ہے۔ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر عارف علوی نے الیکشن کی تاریخ کی تجویز دینے کے لیے میرے ہی یوم پیدائش 6 نومبر کے دن کا انتخاب کیا ہے۔ میں پہلے ہی کہہ چکا تھا کے 11 ستمبر سے 20 ستمبر تک سیاست میں بڑی ہلچل اور ا±کھاڑ پچھاڑ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کل پیپلز پارٹی کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی بھی رنگ دکھائے گی اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کر سکتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں جو کچھ بھی ہونا ہے اسی سال ہو جانا ہے اور 30 دسمبر تک حقیقی فیصلے آجائیں گے جبکہ 15 دسمبر تک یہ فیصلہ بھی ہو جائے گا کہ سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمشن کو بھیجے گئے خط میں عام انتخابات کیلئے 6 نومبر کی تاریخ تجویز کی ہے۔