مقبوضہ کشمیر: راجوری میں آپریشن، 2نوجوان شہید، کرنل، میجر، ڈی ایس پی ہلاک

Sep 14, 2023

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا کرنل اور میجر حملے میں مارا گیا۔ کے ایم ایس کے مطابق حملے میں قابض بھارتی پولیس کا ایک ڈی ایس پی بھی مارا گیا۔ علاوہ ازیں راجوری میں ہونے والا بھارتی فوج کا ملٹری آپریشن ناکام ہو گیا جس کے دوران تربیت یافتہ جاسوس کتا اور 2 اہلکار مارے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اعلیٰ سطح کا سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران ایک گھر میں چھپے ہوئے مسلح افراد نے بھارتی فوج پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں بھارتی فوج کا اہلکار موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ تین کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید ایک اہلکار نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ ہسپتال میں دم توڑنے والا اہلکار سپیشل فورس میں تعینات تھا۔ بقیہ دو زخمیوںکی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ فائرنگ میں بھارتی فوج کا جاسوس کتا بھی مارا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فورسز سے جھڑپ میں 2 نوجوان شہید ہوئے۔ جبکہ سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کشمیری کاشتکاروں کی قیمت پر امریکہ کو خوش کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات مودی حکومت کی طرف سے امریکہ سے پھلوں کی درآمد پر اضافی ڈیوٹی ہٹانے کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی۔

مزیدخبریں