بھارت میں جنونیت کا راج‘ بڑے جنونی کو زیادہ مقبولیت ملے گی: نصیرالدین شاہ

 ممبئی (نوائے وقت رپورٹ) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے پاکستان اور مسلمان دشمنی پر مبنی فلموں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ویٹرن اداکار نصیرالدین شاہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’غدر 2‘ ، ’کیرالہ سٹوری‘ اور ’ کشمیر فائلز‘ جیسی فلموں کی مقبولیت اور کامیابی پریشان کن ہے۔ لیجنڈ اداکار نے مزید کہا کہ آج کل بھارت میں جنونیت کا راج ہے۔ جو جتنا جنونی ہوگا اسے اتنی ہی مقبولیت ملے گی۔ اپنے آپ کو برتر سمجھنے اور دوسروں سے نفرت کرنے والے مشہور ہوتے ہیں۔ نصیرالدین شاہنے کہا کہ بھارت میں اب ملک سے محبت ضروری نہیں بلکہ اس کا ڈھول پیٹنا اور کسی فرضی دشمن کو کھڑا کرنا بھی ضروری ہے۔ جو لوگ یہ سب کر رہے ہیں ان کو معلوم نہیں کہ یہ کتنا خطرناک ہے۔ زندگی کے اصل حقائق دکھانے والے ڈائرکٹرز کی فلمیں کامیاب نہیں ہو رہیں‘ لیکن میرا ان کو پیغام ہے کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور اس جنونیت کے طوفان کے باوجود اچھی اور معیاری فلمیں بنانا جاری رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن