لاہور‘ فیصل آباد‘ شیخوپورہ‘ فیروز والا‘ پشاور (این این آئی+ نمائندگان خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں بجلی‘ گیس چوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن جاری ہے جن کے دوران سینکڑوں افراد کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ درجنوں افراد کو گرفتار جبکہ ہزاروں بوری چینی برآمد کی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف 7ویں روز بھی آپریشن جاری رہا اور تمام سرکلزمیں 411کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،بجلی چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں درخواستیں جمع کر ادی گئیں جن میں سے222ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ6 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیاہے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق ساتو یں روز پکڑے جانے والے کنکشنز میں 2زرعی،12کمرشل اور397ڈومیسٹک تھے۔تمام کنکشنز منقطع کر کے ان کو757,824 یونٹس ڈیٹکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم تین کڑوربہتر لاکھ چھتیس ہزارچھے سو اناسی روپے بنتی ہے۔ ہاشم پارک خاکی میں زرعی کنکشن کو 45000یونٹس پر 1,000,000روپے،پھلراں والا حویلی میں کمرشل کنکشن کو4242 یونٹس پر 258,762 روپے ،ایس پیV42/D حویلی میں ڈائریکٹ سپلائی کو2940 یونٹس کو179,340 روپے،مہتاب رائے حویلی پر ڈائریکٹ سپلائی کو 4048یونٹس پر 161,920 روپے کی رقم چارج کی گئی ۔ترجمان لیسکوکے مطابق شیخوپورہ سرکل میں 100KVAکا غیر قانونی ٹرانسفارمر پکڑا گیا جبکہ اس کا سینکشن 25KVAتھا ، کارروائی کے دوران موقع سے ٹرانسفارمر اتار لیا گیا۔ترجمان کے مطابق بلال کالونی سب ڈویژن کے علاقے اچھوگل میں 5ٹیوب ویلز اورساﺅتھ سرکل کی الطاف کالونی سب ڈویژن کے علاقے میں 1ٹیوب ویل ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے پکڑا گیا۔1951کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے 1288درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیںجبکہ کل 99ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک5,445,077یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم چوبیس کڑورپچاس لاکھ بیس ہزارتین سوچودہ روپے ہے۔ سوئی ناردرن کی بڑے گیس چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ میٹر سے چھیڑ چھاڑ پر غیر ملکی فاسٹ فوڈ چین کا گیس کنکشن منقطع کر دیا گیا۔ اسلام آباد میں سیکٹر جی 7میں واقع درس گاہ میں بھی گیس چوری کا انکشاف ہوا۔ ترجمان کے مطابق درس گاہ نے 15لاکھ روپے کی غیر قانونی گیس استعمال کی، مذکورہ درس گاہ پر گیس بل کی مد میں 26 لاکھ روپے واجب الادا تھے، اسلام آباد کی درس گاہ اب سوئی ناردرن کی 41 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔ غیر ملکی موبائل کمپنی کو گیس چوری پر 37لاکھ روپے ادائیگی کا نوٹس بھجوا دیا گیا۔ نگران وزیر اطلاعات خیبر پی کے فیروز جمال شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف 518 چھاپے مارے گئے۔ ذخیرہ اندوزوں سے گندم کی 8 ہزار بوریاں برآمد کی گئیں۔ فیروز والا میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید محمد ضیغم عباس رضوی نے بجلی چوری کے مقدمات میں ملوث تقریباً 200 افراد کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں کو منظور کر لیا ہے اور 10 تھانوں کے ایس ایچ او کو ہدایت کی ہے کہ ان افراد کے خلاف درج ہونے والے مقدمات کا اگلی تاریخ پیشی پر ریکارڈ پیش کیا جائے۔ شیخوپورہ میں اسسٹنٹ کمشنر محترمہ لاریب اسلم کی نگرانی میں ایک ٹیم نے محلہ رام گڑھا اور غلہ منڈی میں چھاپے مار کر 2 گوداموں سے 5000 بوری چینی برآمد کر لی۔ فیصل آباد میں اسسٹنٹ کمشنرصدر نے ایکشن لیتے ہوئے چینی کے ذخیرہ کئے گئے 2500 بیگز برآمد کرلئے۔انہوں نے اطلاع ملنے پر ڈجکوٹ میں تین مختلف مقامات پر گودامز چیک کئے جہاں چینی کی بوریاں ذخیرہ کی گئی تھیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے چینی کا سٹاک ضبط کرکے گودامز کو سیل کرا دیا۔