پرتگال (نوائے وقت رپورٹ)پرتگال میں ایک چھوٹا سا قصبہ قریب میں واقع ڈسٹلری(شراب کشید کرنے کے کارخانے) میں حادثے کے بعد 20 لاکھ لیٹر سے زائد شراب سڑکوں پر بہہ گئی جس نے سیلاب کی صورت اختیار کرلی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال کے لیویرا میں ایک شراب کے کارخانے میں شراب کے دو ٹینک پھٹ گئے جس سے 20 لاکھ لیٹر سے زائد کی شراب گلیوں میں بہہ گئی جس نے سیلاب کی صورت اختیار کرلی۔لیویرا ڈسٹلری کی انتظامیہ نے کارخانے کے قریب ایک گھر کے تہہ خانے میں شراب بھر جانے کے بعد مکینوں سے معافی مانگی اور ڈسٹلری نے نقصان کی ذمہ داری بھی قبول کی۔دریں اثنا مقامی حکام نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ رضاکاروں نے شراب کو دریا تک پہنچنے سے روکا اور جو ماحولیاتی تباہی کا باعث بن سکتا تھا۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ 2.2 ملین لیٹر ریڈ وائن بہہ جانے کے بعد کمپنی کے معاشی نقصان کے بارے میں فکر مند ہے جبکہ شراب بہہ جانے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔