ماسکو (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات میں راکٹ ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ 4برس بعد گزشتہ روز بذریعہ ٹرین روس پہنچے تھے اور اس حوالے سے کم جونگ ان کا کہنا تھا روس کے دورے کا واضح مقصد دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ اور روسی صدر کی ملاقات روسی سپیس سینٹر میں ہوئی اور روسی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کو سپیس سینٹر کا دورہ کرایا۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے روسی صدر سے ملاقات میں دفاع اور ٹیکنالوجی تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ ا±ن نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ یوکرائن جنگ میں برائی کے خلاف روس کی فتح ہوگی۔ صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات میں کم جونگ ا±ن نے یوکرائن میں مغربی ممالک کو ”برائی“ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک کے مقابل فتح روسی فوج اور عوام کی ہوگی۔ شمالی کوریا کے حکمران نے یوکرین جنگ میں ہر ممکن مدد اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ یوکرائن میں مغربی سامراج کے توسیع پسندانہ عزائم کو شکست ہوگی۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کم جونگ ا±ن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ ان کا ملک سیٹلائٹ بنانے میں شمالی کوریا کی مدد کرے گا اور دونوں ممالک اس معاملے پر بات چیت جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب مغربی ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ روس اپنی فوجی استعداد بڑھانے کے لیے شمالی کوریا سے ہتھیار اور گولہ بارود حاصل کرنا چاہتا ہے جس کا یوکرین میں استعمال کرے گا۔ روس اور شمالی کوریا نے مغربی ممالک کے ان خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ا±ن کی روس آمد پر صدر پوٹن نے ضیافت میں بطخ اور انجیر کا سلاد، کیکڑے کے پکوڑے، اسٹرجن اور گائے کے گوشت کے ساتھ روسی شراب پیش کی۔