پاکستان میں ٹیلنٹ نہیں سہولیات کی کمی ہے، سپورٹس ایڈمنسٹریٹر خرم عباسی ٹونی

Sep 14, 2024

سپورٹس رپورٹر
پاکستان کے سپورٹس ٹیلنٹ کو دنیابھر میں متعارف کرانے کیلئے چکوال میں سپورٹس کمپلیکس بنا رہے ہیں۔ ملک میں سپورٹس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن سہولیات نہ ہونے کے باعث نوجوان منفی سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ چکوال میں بننے والے سپورٹس کمپلیکس میں ملک بھر کے کھلاڑیوں کو مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کمپلیکس میں فلڈ لائٹ کرکٹ گراؤنڈ مکمل ہو چکی ہے اس کے علاوہ بہت جلد ہاکی،فٹبال، جمناسٹک،سوئمنگ اور اتھلیٹکس سمیت دیگر کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ کمپلیکس میں کھلاڑیوں کے لیے قیام و طعام  کا بندوبست بھی کریں گے۔ ارشد ندیم نے اولمپک مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ پاکستان کی پچیس کروڑ آبادی کو دیکھتے ہوئے اولمپک میں ایک گولڈ میڈل کافی نہیں۔ سپورٹس کمپلیکس رنگ و نسل امیرو غریب اور صنفی تفریق کے بغیر پورے پاکستان کے نوجوانوں فری آف کاسٹ سہولیات دستیاب ہیں جہاں کوالیفائیڈ کوچز کھلاڑیوں کی رہنمائی اور تربیت کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں اگر کسی کھلاڑی کو بیرون ملک تربیت کی ضرورت پڑی تو اسے دنیا کے بہترین سنٹرز میں تربیت کیلئے بھی بھیجاجائے گا ہمارا مقصد کھیل کے میدانوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو بلند کرنا ہے۔ پاکستان کو سپورٹس کی دنیا میں اعلی مقام دلانے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کو بھی آگے آنا چاہئے اور مخیر حضرات اپنے علاقوں میں نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کریں تاکہ ارشد ندیم کی طرح مزید کھلاڑی سامنے آئیں۔ پاکستان میں نوجوانوں کی درست انداز میں تربیت اور رہنمائی کی ضرورت ہے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ پاکستان میں کھیلوں کی ترقی سے نوجوانوں کی زندگیوں کو بدلا جا سکتا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کو ملک کے بہتر مستقبل کی خاطر کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ 
کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں۔ چکوال میں کرکٹ کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں امید ہے کہ نوجوان کرکٹرز یہاں سے کھیلتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔

مزیدخبریں