کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔کراچی میں کار ساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کے خلاف منشیات استعمال کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے ملزمہ نتاشا کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔11ستمبر بروز بدھ کو کراچی شرقی کی عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کار ساز حادثہ کیس کی ملزمہ کی منشیات کے استعمال کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر سماعت کے بعد فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔سیشن عدالت نے کہا تھا کہ ملزمہ نتاشہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ 13ستمبر کو سنایا جائے گا تاہم اب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہد علی میمن نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ نتاشہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔پولیس کے مطابق ملزمہ پر آئس کے استعمال کے الزام کے پیشِ نظر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔واضح رہے کہ 6ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی۔عدالت کی جانب سے ضمانت کا فیصلہ ملزمہ نتاشہ دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ ہونے کی خبروں کے بعد سامنے آیا تھا۔
کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت مسترد
Sep 14, 2024