ایف آئی اے بانی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پوسٹ کی تحقیقات کریگی: عطا تارڑ

Sep 14, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ صحافیوں کو نشانہ بنایا، ان پر حملے کئے، ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہمات چلائیں۔ پی ٹی آئی کے دور میں اختلاف رائے کرنا، اپنے نظریات رکھنا، کسی جماعت کے نظریئے سے اختلاف کرنا جرم بن چکا تھا۔ تحریک انتشار نے ہمیشہ صحافیوں کے خلاف غلط زبان کا استعمال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر سب سے پہلے صحافیوں کو ہدف بنایا۔ تحریک انصاف نے اپنے لوگوں کو انکریج کیا کہ جو ان کے حق میں بات نہ کرے، ان پر الزامات لگا دیں، یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج بھی یاد ہے لاہور میں ثنا مرزا ڈی ایس این جی پر تھیں اور پی ٹی آئی کے لوگ انہیں ہراساں کر رہے تھے۔ صحافی صدف ان کے کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق ہوئیں۔ خواتین صحافیوں کو انہوں نے زدوکوب کیا، ان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے سٹیج پر صحافیوں کے خلاف جو زبان استعمال کی، انتہائی نامناسب ہے۔ پی ٹی آئی کی پوری جماعت کو علی امین گنڈاپور کے بیان پر غیر مشروط معافی مانگنی چاہئے۔ علی امین گنڈا پورایک صوبے کے وزیراعلی ہیں کیا انہیں زیب دیتا ہے کہ وہ خواتین اور افواج پاکستان کے بارے میں غلیظ زبان استعمال کریں؟۔ جو ادارہ خیبر پی کے کے اندر قربانیاں دے رہا ہے، آپ اس کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں۔ یہ اچھی غیرت ہے جو آپ کی زندگیاں محفوظ بنائیں، آپ انہی کے خلاف غلیظ زبان استعمال کریں، ایسا طرز عمل قابل مذمت ہے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا، ان کی ویڈیوز ریکارڈ پر موجود ہیں۔ جو چیز کیمرے کی آنکھ نے دکھائی ہے وہ بالکل عیاں ہے۔ انہیں خواتین صحافیوں اور ایک صوبے کی وزیراعلی کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے پر شرمندگی نہیں ہوئی اور اپنی گرفتاریوں پر واویلا شروع کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی سوچ فسطائیت پر مبنی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر) فیض حمید کے ساتھ مل کر انہوں نے اپوزیشن کے ہر رہنما پر کیس بنائے۔ یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ ان کی پالیسی کیا ہے؟۔ یہ ہمارے رہنمائوں کو جھوٹے کیسز میں جیلوں میں ڈالتے رہے اور شادیانے بجا رہے ہوتے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی طرف سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے فوج کے ادارے کو ٹارگٹ کیا۔ یہ ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔  یہ ایک بار پھر اپنے آپ کو شیخ مجیب الرحمان سے کمپیئر کر رہے ہیں۔ جس شیخ مجیب کا آپ خود سے موازنہ کر رہے ہیں وہاں اس کے مجسمے گرے ہیں۔ ایف آئی اے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے جاری ہونے والے پیغام کی تحقیقات کرے گی۔ اس بات کی تحقیقات ہوں گی کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کا اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے؟۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ملکی سالمیت کے حوالے سے دوبارہ سازش کرنے کی کوشش کی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

مزیدخبریں