لاہور (نیوز رپورٹر) حضرت میاں میرؒ کے 401 ویں عرس پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے حرف عقیدت پیش کیا ہے اور دینی اور روحانی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ عرس پر زائرین کی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت کی اور مزار حضرت میاں میرؒ پر آنے والے عقیدت مندوں کے لئے بہترین انتظامات کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی مخلصانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئی ایم ایف کے مثبت ردعمل کو معاشی ترقی کے لئے خوش آئند قرار دے دیا اور کہا وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ پاکستان کی معیشت بلند پرواز کے لئے ٹیک آف پوزیشن میں آ چکی ہے۔ آئی ایم ایف کا حالیہ پروگرام آخری ثابت ہوگا۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا معاشی قوت کے طور پر ظہور ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نواز شریف کی قیادت میں عوام کی معاشی مشکلات کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ معیشت کا مستحکم ہونے کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہونا خوش آئند امر ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کے عوام کی امیدوں کا محور ہے۔ حکومتی معاشی پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد دن بدن بڑھ رہا ہے۔ پنجاب میں ضروری اشیاء خوردونوش کے نرخ دیگر صوبوں کی نسبت سب سے کم ہیں۔ مہنگائی میں کمی آنے سے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔ مریم نواز شریف نے معروف عالم دین مولانا عبدالرحیم چترالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔