اسرائیلی حملے، کار میں دھماکہ، 40 فلسطینی شہید، 4  یہودی ہلاک، 8 زخمی

تل ابیب (آئی این پی)اسرائیل کے شہر رملہ میں ایک بڑے اسٹور اور رہائشی عمارت کے درمیان کھڑی کار میں ہونے والے بم دھماکے میں 4افراد ہلاک اور کم از کم 8زخمی ہوگئے،عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کار میں بھاری مقدار میں بارودی مواد بھرا گیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ کار میں کوئی شخص موجود نہ تھا اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا کہ یہ کار کس کی تھی،اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے راہگیر تھے جو کار کے قریب سے گزر رہے تھے۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، 2زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،تاحال حماس سمیت کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل میں ائیر ڈیفنس بیس پر راکٹ حملے کیے گئے،عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے کئی راکٹ تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع سامنے نہیں آ سکی،غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 24گھنٹوں کے دوران 40فلسطینی شہید ہو گئے،اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں پھر فوجی آپریشن کر دیا، طولکرم میں اسرائیلی آپریشن میں بچی سمیت 5فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ 20گھر دھماکوں سے تباہ کر دیے گئے، متعدد فلسطینی گرفتار ہو گئے۔ جبکہ اسرائیلی فوج  نے فلاڈیلفیا کوریڈور کے علاقے میں 80فیصد سرنگیں تباہ کر  نے کا  دعوی کیا ہے،عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز کہا کہ اس نے حماس تحریک کے رفح بریگیڈ کو مکمل طور پر شکست دیتے ہوئے اس کے 200ارکان کو ہلاک کر دیا ہے،صہیونی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے فلاڈیلفی کوریڈور کے علاقے میں 80فیصد سرنگیں تباہ کر دیں جن میں وہ 9سرنگیں بھی شامل ہیں جو سرحد عبور کر کے مصر میں داخل ہو رہی تھیں۔

ای پیپر دی نیشن